سیاسیات-دنیائے فٹ بال کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے فٹ بال کلب ’النصر‘ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کی مالیت کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ 20 کروڑ یورو سے زیادہ ہوگی۔
37 سالہ پرتگالی فٹ بالر کا سعودی کلب کے ساتھ معاہدہ جون 2025 تک جاری رہے گا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور جووینٹس جیسے کلبز کے لیے کھیلنے والے رونالڈو نے اس موقع پر کہا: ’میں کسی دوسرے ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہوں۔‘
معاہدے کے بعد النصر کے ٹوئٹر ہینڈل سے پرتگالی سٹار کی تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ نیلے اور زرد رنگ کی جرسی تھامے کھڑے ہیں، جس کی پشت پر ان کا پسندیدہ نمبر سات درج ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’النصر کلب جس وژن کے ساتھ کام کر رہا ہے، وہ بہت متاثر کن ہے اور مجھے اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر خوشی ہے تاکہ ہم مل کر ٹیم کو زیادہ کامیابی حاصل کرنے میں مدد کر سکیں۔‘
النصر نے سعودی عرب لیگ کے نو ٹائٹل جیتے ہیں، جس میں آخری بار 2019 کا ٹائٹل بھی شامل ہے۔
کلب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’یہ تاریخ بنانے سے بڑھ کر ہے۔ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو نہ صرف ہمارے کلب کو مزید کامیابی حاصل کرنے میں مدد دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور آنے والی نسلوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو بہترین کھلاڑی بننے کی ترغیب دے گا۔ کلب رونالڈو کو خوش آمدید کہتا ہے۔‘