سیاسیات-پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے ہیں۔
کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں کیوی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی نسیم شاہ نے دلائی، انہوں نے ٹام لاتھم کو 71 رنز پر آؤٹ کیا جب کہ دوسری وکٹ آغا سلمان نے سیٹ بیٹر ڈیوون کونوے کی لی،کونوے 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کین ولیمسن کو نسیم شاہ نے 36 رنز پر آؤٹ کیا، ہینری نکلز 26 رنزبناکر آؤٹ ہوئےجب کہ ڈیرل مچل 3 اور مائیکل برائسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
وکٹ پر ٹام بلنڈل اور سودھی بالترتیب 30 اور 11 رنز بنا کر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے آغاسلمان نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئیں، فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر اور محمد نعمان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ فاسٹ بولرز حسن علی اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے، بہت مثبت سوچ کے ساتھ جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔