سیاسیات- پی سی بی نے فاسٹ بولرز حارث رؤف، زمان خان اور اسپنر اسامہ میر کو بگ بیش لیگ کیلئے محدود این او سی جاری کردیا۔
تینوں کرکٹرز کو پورے ایونٹ کے بجائے 7 سے 28 دسمبر کے درمیان محدود میچز میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ پی سی بی نے حارث رؤف اور اسامہ میر کو پانچ، پانچ جبکہ زمان خان کو چار میچوں کے لیے این او سی جاری کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محدود این او سی دینے کا فیصلہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں پر ورک لوڈ کو کم کرنے اور انکے مستقبل کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بگ بیش لیگ میں فاسٹ بولر حارث رؤف اور اسامہ میر میلبورن اسٹارزجبکہ زمان خان سڈنی تھنڈرز کا حصہ ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام بگ بیش لیگ کا 13 واں ایڈیشن 7 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کُل 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل 24 جنوری 2024 کو ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں پرتھ اسکارچرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کی دورہ آسٹریلیا سے معذرت کے بعد پی سی بی کی جانب سے انہیں بگ بیش لیگ کے لیے این او سی نہ ملنے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔