سیاسیات۔ جنوبی افریقہ نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کا 207 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 19.3 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا اور سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
سنچورین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔
پہلی اننگز
اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کی، وہ 57 گیندوں پر 98 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 11، بابر اعظم 31، عثمان خان 3 اور طیب طاہر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عرفان خان نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ عباس آفریدی 4 گیندوں پر 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے گیلیم اور بارٹ مین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز
جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپن کرتے ہوئے ریزا ہینڈرکس نے 63 گیندوں پر 7 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 117 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔
روسی ون ڈر ڈوسن نے 38 گیندوں پر 66 رنز کی ناقابل شکست ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کے ریان ریکلٹن 2، میتھیو بریٹزک 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کپتان ہنرک کلاسین 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے جہانداد خان نے اپنے 4 اوورز میں 40 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے 3.3 اوورز میں 46 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
شاہین آفریدی 4 اوورز میں 5 چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ 37 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے جبکہ حارث رؤف بھی اپنے 4 اوورز میں 7 چھکے اور ایک چوکے کے ساتھ 57 رنز دیکر ایک بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔اسپنر سفیان مقیم کی جگہ فاسٹ بولر جہانداد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان نیازی شامل تھے۔
اس کے علاوہ عباس آفریدی ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف،جہانداد خان اور ابرار احمد بھی دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے قومی ٹیم کا حصہ تھے۔