نومبر 24, 2024

اور تم کس سے ملے ہوئے ہو ؟

تحریر: علی سردار سراج

جب بھی ایران کی اسرائیل اور امریکہ سے دشمنی کی بات چھڑ جائے تو کچھ لوگ بلا جھجک کہہ دیتے ہیں کہ یہ تو محض فریب ہے ۔حقیقت میں یہ آپس میں ملے ہوئے ہیں ۔

ان لوگوں کو آپ کبھی بھی نہیں سمجھا سکتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے ۔

اس لیئے اس حوالے سے اپنی توانائیاں صرف کرنے کا نتیجہ خستگی کے سوا کچھ نہیں ہے ۔

شاید یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم جاہلین کا جواب ” صرف سلام ” بتاتا ہے ۔

ہم بھی اس موضوع سے چشم پوشی کرتے ہوئے ایک اور سوال ہمارے اہل سنت بھائیوں کے سامنے رکھتے ہیں ۔

وہ یہ کہ اگر آپ کو ایران اور ملت تشیع کی فلسطینیوں کے لئے کی جانے والی کوششوں اور دی جانے والی قربانیوں پر شک ہے، تو کوئی بات نہیں ۔

آپ کے لئے کوئی ضروری بھی نہیں ہے کہ اس حوالے سے کسی حتمی جواب تک پہنچ جائیں ۔

لیکن کیا اس بات پر بھی شک ہے کہ فلسطین گزشتہ سات، آٹھ دہایوں سے اسرائیل کے ظلم و ستم کی چکی میں پس رہا ہے؟؟

کیا آپ کو اس بات پر بھی کوئی شک ہے کہ ابھی ان دنوں غزہ کے بے گناہ بچے ،بوڑھے، خواتین اور عام لوگ اسرائیلی بموں کے ذریعے گرنے والی فلک بوس عمارتوں کے ملبے تلے دب رہے ہیں؟

دنیا کے ایک ارب سے زیادہ سنی مسلمانو تم کس سے ملے ہو؟

فلسطین کے اطراف میں مصر اور اردن جیسی ریاستوں کے باوجود غزہ کے بے گناہ لوگ محاصرے میں کیوں ہیں؟؟ اور تم کس سے ملے ہوئے ہو؟

عرب ممالک کے تیل کے کنووں پر قابض دنیا کے امیر ترین بادشاہو! غزہ کے بیس لاکھ بے گناہ لوگ، بھوک، پیاس اور علاج معالجے کی بنیادی ضروریات کی کمی کی وجہ سے موت کے منہ میں کیوں ہیں؟اور تم کس سے ملے ہوئے ہو؟؟

خانہ خدا کے محراب میں کھڑے ہو کر مسلمانوں کے خلاف شرک اور الحاد کے فتوے لگانے والے مفتیو! تمہاری زبانیں بند کیوں ہیں؟ اور تم کس سے ملے ہوئے ہو ؟

غزہ کے لوگ یقینا اس انتظار میں ہونگے کہ ہمارے بھائی ہماری مدد کے لئے پہنچیں گے ۔

لیکن یہ آس نہ صرف مایوسی میں بدل رہی ہے بلکہ خبریں تو یہاں تک آ رہی ہیں کہ آپ میں سے کچھ لوگ تو اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں؟؟

اور کچھ تکفیری قوتوں نے تو یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ہی روحانی بچے ہیں ۔ کیونکہ یہ وہاں پھٹتے ہوئے نظر آتے ہیں جہاں اسرائیل کی مخالف کوئی آواز بلند ہوتی ہے ۔

کل بھی پاراچنار جانے والی کچھ گاڑیوں پر فائز کرکے کچھ مومنین کو شہید اور بعض کو زخمی کیا گیا ہے ۔

ان بے گناہ شیعہ مسلمانوں سے کس جرم کا انتقام لیا جا رہا ہے؟؟

کیا شعیوں کا جرم فقط یہ نہیں ہے کہ وہ امام خمینی اور رہبر معظم انقلاب علی خامنہ ای کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے فلسطینی مجاہدین اور لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں؟؟

مسلمانوں کی مساجد ، امام بارگاہوں، عزاداری امام حسین علیہ السلام اور میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جلوسوں میں پھٹنے والے تکفریو! تم کس سے ملے ہوئے ہو؟؟

کیوں تم وہاں نہیں پھٹتے ہو جہاں تمہیں پھٹنا چاہیے ؟؟

کیا تم صرف ایران پر کچھ الزامات لگا کر اپنے آپ کو مطمئن رکھتے ہو؟

میں اہل سنت کے رہنماؤں اور حکومتوں کا نام لینا پسند نہیں کرتا ہوں ۔

لیکن تم سب سے میرا یہ سوال ہے، اور یہ سوال حقیقت میں غزہ کے بچوں کا ہے ۔وہاں کے زخمیوں کا ہے۔ وہاں کی ماوں اور بہنوں کا ہے۔ اور وہاں کے شہیدوں کا ہے۔کہ اے اہل سنت بھائیو ہماری مدد کیوں نہیں کرتے ہو؟ اور تم کس سے ملے ہوئے ہو؟؟

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

eight − 7 =