سیاسیات- چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور عمران خان کی بہن علیمہ خان میں احتجاج کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد کے حوالے سے تکرار ہوگئی۔
اڈیالہ جیل میں دورانِ سماعت کمرہ عدالت میں بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سلمان اکرم راجا اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے درمیان تکرار ہوئی۔ یہ تکرار ڈی چوک احتجاج میں جاں بحق ہونے والے افراد کی متضاد تعداد کے حوالے سے ہوئی۔
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ آپ نے جاں بحق افراد کی تعداد 12 کیوں بتائی؟ جس کے جواب میں بیرسٹر گوہر خان 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تعداد پر ڈٹے رہے اور کہا کہ ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں، اس میں بغیر تصدیق کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟۔
علیمہ خان نے کہا آپ کو معلوم ہے ہمارے کتنے لوگ لاپتا ہیں؟، جس پربیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کررہی ہیں۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجا بیرسٹر گوہر خان کی حمایت کرتے رہے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرنے میں لگی ہے۔ یقین کریں اس معاملے کو پارٹی ایسے ہی نہیں جانے دے گی۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے جاں بحق افراد کی غیر مصدقہ تعداد نشر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرے پاس 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے علاوہ کوئی مصدقہ ثبوت نہیں۔ میں کیسے کہہ دوں کہ سیکڑوں لوگ جاں بحق ہوئے۔
علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں آپ جاں بحق ہونے والے کس کس کارکن اور زخمی کے گھر گئے، جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ سلمان اکرم راجا سے پوچھیں جو کارکن کنٹینر سے گر اس کے گھر گئے۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے علیمہ خان سے کہا کہ جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں، خدا کے لیے انہیں لاپتا نہ کہیں۔