سیاسیات- وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ امریکہ کو پہلے بھی انکار کیا ہے، یہ نہیں ہوگا کہ ٹرمپ کی کال آئے اور عمران خان کو حوالے کردیں۔
ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ملکی سیاست کا موضوع بن گئی ہے۔
جہاں پی ٹی آئی کے رہنما اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں کردار ادا کرسکتے ہیں، وہیں، حکومتی عہدے داروں نے بیانات دیے ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہےکہ پاکستان ماضی میں امریکہ کو انکار کرچکا ہے۔ اگر صدر ٹرمپ نے کال کی تو یہ نہیں ہوگا کال آئے اور بانی پی ٹی آئی ان کے حوالے کردیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو سمجھتے ہیں پاکستان انکار کی جرات نہیں کرسکتا، سن لیں کہ نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی امریکی پیشکش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکا کیا تھا۔ وہ پرویز مشرف تھا، جسے کال آئی اور لیٹ گیا۔ بیانات دینے والے انکار پر نواز شریف اور ہتھیار ڈالنے پر پرویز مشرف کے ساتھ ہوگئے تھے۔