نومبر 27, 2024

یاسمین راشد،ریحانہ ڈار اور شعیب شاہین نے انتخابی نتائج چیلنج کر دئے

سیاسیات- قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کر دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل اشتیاق چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نوازشریف فارم 45 کے مطابق الیکشن ہار چکے ہیں۔

یاسمین راشد نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔

یاد رہے کہ حلقہ این اے 130 لاہور 14 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم ليگ ن کے محمد نواز شریف 171024 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ یاسمین راشد 115043 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

دوسری جانب لاہور سے ہی آزاد امیدوار ملک توقیرکھوکھر نے این اے 126 کے نتائج چیلنج کر دیے۔

ملک توقیر کھوکھر نے درخواست میں آر او اور الیکشن کمیشن دیگر کو فریق بنایا ہے، ملک توقیر نے مؤقف اختیار کیا کہ سیف الموک کھوکھر فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، سیف الملوک کھوکھر نے ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، مھجے اور وکلاء کو ڈی ایس پی نے آر او آفس سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

ملک توقیر کھوکھر کے مطابق میری عدم موجودگی میں رزلٹ جاری کیا گیا، عدالت الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

این اے 71 سے آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کو  عدالت میں چیلنج کردیا۔

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے این اے 71 سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی اور فارم 45 کا نتیجہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

ریحانہ ڈار کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ خواجہ آصف نے ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے، عدالت الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اسلام آباد کے انتخابی نتائج اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین نے این اے 47 کے آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

گزشتہ روز حلقہ این اے 47 آئی سی ٹی (اسلام آباد) 2 کے تمام 387 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آیا  تھا جس کے مطابق ن لیگ کے طارق فضل چوہدری 102502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

طارق فضل چوہدری کے مدمقابل محمد شعیب شاہین 86396 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

three × 2 =