دسمبر 2, 2024

گورنر راج لگانا ہے تو لگا دو لیکن پھر تم ہمارے صوبے میں نہیں رہ سکو گے۔ گنڈاپور

سیاسیات۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج لگانا ہے تو لگا دو، اس کے بعد تم ہمارے صوبے میں رہ نہیں سکو گے۔

وزیر اعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور میں صوبائی اسمبلی سے خطاب میں حکومت کو دھمکیاں دیتے ہوئےکہا کہ اس وقت سے ڈرو جب ہم یہ کہیں کہ ہم بھی گولی کا جواب گولی سے دیں گے،اگر تم نے فسطائیت جاری رکھی تو پھر ہم بھی گولی کا جواب گولی سے دینے کے لیے تیار ہو کر آئیں گے، پھر بتائیں گے کہ بھاگتا کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی پاسداری کا مقصد حاصل کر کے ہی دم لیں گے، ہمیں عمران خان کی رہائی چاہیے اور جلد سے جلد چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام اپنے حق کے لیے آئین کے مطابق پر امن ہو کر نکلیں، لیکن جب یہ سمجھو کہ تمہارا پرامن رہنا کمزوری بن رہا ہے تو عمران خان سے بھی کہوں گا کہ آئندہ پرامن رہنے کا نہ کہنا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک پر امن جماعت پرامن طریقے سے اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے نکلتی ہے،  پر امن احتجاج کے شرکاء پر گولیاں برسانا شروع کر دیا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کرسیوں والے نہیں ہیں،گورنر راج لگانا ہے تو لگاؤ، کیا ہمارا خون سفید ہے ، دہشت گردی کا مقابلہ ہم کریں،گورنر ہاؤس سے ڈراتے ہو، چیلنج دیتا ہو ں کہ لگاؤ گور نر راج۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے چوکوں پرمجھ پر فائر کیے گئے، عمران خان نے حکم دیا کہ ڈی چوک پہنچیں، ہم پر براہ راست کئی بار قاتلانہ حملے ہوئے، چائنا چوک اور ڈی چوک میں فائرنگ کی گئی، اپنی نسلوں کو محفوظ کرنے کے لیے ہمیں انقلاب لانا ہوگا،  قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ کرسی نہیں عزت اور خودداری چاہیے ۔

واضح رہے کہ جمعرات کو حکومتی ذرائع کا بتانا تھا کہ وفاقی کابینہ کی اکثریت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی حمایت کر دی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 × five =