اپریل 3, 2025

گلگت بلتستان اسمبلی پر پولیس کا کنٹرول، صورتحال گورنر راج کی جانب گامزن

سیاسیات- وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی نااہلی کے بعد گلگت بلتستان میں صورتحال گورنر راج کی جانب گامزن ہے۔ بدھ کے روز صوبائی اسمبلی میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری داخل ہوگئی اور مبینہ طور پر بم کی افواہ پر اسمبلی ہال کو خالی کرا لیا گیا۔ جی بی کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اہم اجلاس بدھ کو ہونا تھا عین وقت پہ اچانک پولیس کی بھاری نفری اسمبلی کے اندر داخل ہو گئی اور وہاں کوریج کیلئے آئے ہوئے تمام صحافیوں اور اسمبلی کے ملازمین کو باہر نکال دیا گیا۔ تاہم اہم ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید سمیت پی ٹی آئی کے تین اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی جن میں خالد خورشید کیساتھ سابق مشیر داخلہ شمس لون اور سابق مشیر قانون سہیل عباس شامل ہیں۔ دوسری طرف جی بی اسمبلی کا بدھ کے روز ہونے والا اجلاس عدالتی حکم امتناعی کے بعد ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

آج کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونا تھا تاہم سپریم اپیلیٹ کورٹ نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس ایک ہفتے کیلئے روک دیا ہے۔ عدالت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ رکن اسمبلی گلبر خان نے درخواست دی ہے کہ چونکہ وہ بھی وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں اور وہ اس وقت جی بی سے باہر ہیں اس لیے جب تک ان کی حاضری نہیں ہوتی تب تک اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا جائے۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر اور اپوزیشن لیڈر امجد حسین ایڈووکیٹ نے بھی وزارت اعلیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ تحریک انصاف نے راجہ اعظم خان کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ بڑی گرفتاریوں کی خبروں کے بعد گلگت بلتستان میں اس وقت غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four × 1 =