سیاسیات-راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا میں نے انتخٓبات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور ملک کے ساتھ کھلواڑکیا۔
لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پاکستان بھی ملوث ہیں، میرے ساتھ ان لوگوں کو بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا چاہیے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے ساتھ غلط کام کیا، جو کام میں نے کیا وہ کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا، میں اپنے عہدے اور سروس سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا غلط کام کون کر رہا ہے اورکس نے کرایا کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں ہے، مجھ پرسوشل میڈیا اور اوورسیزپاکستانیوں کا دباؤ تھا، میں نے آج صبح فجر کی نماز کے بعد خودکشی کی کوشش کی، پھر میں نے سوچا کیوں نا یہ ساری چیزیں عوام کےسامنے رکھوں، میں حرام موت کیوں مروں، کرب سے گزر رہا ہوں اور سیاسی لوگ شیروانی سلوا کر منسٹر بننے کیلئے گھوم رہے ہیں، ملک کی پیٹھ میں جو چھرا گھونپا وہ مجھے سونے نہیں دیتا، میں اپنے کرب کا بوجھ اتار تے ہوئے سکون کی موت چاہتا ہوں۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے ڈرامہ قرار دیدیا.