سیاسیات۔ گرینڈ امن جرگہ ضلع کُرم میں امن معاہدہ کرانے میں تاحال ناکام ہے، حکومتی اور جرگہ ممبران کے دعوؤں کے باوجود ہفتے کو بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
تنازع کے ایک فریق کے مشران نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے، ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ دو اکتوبر سے بند پڑی ہے۔ پاراچنار سمیت اپر کرم کے 100 سے زائد علاقوں کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔
کھانے پینے کا ذخیرہ ختم ہوئے کئی دن گزر گئے، اسپتال میں ادویات کی قلت مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔
دہشتگردی میں 130 افراد کی جانیں گئیں جبکہ راستوں کی بندش اور ادویات کی قلت کے باعث بچوں اور بڑوں سمیت درجنوں لوگ علاج معالجہ نہ ملنے کی وجہ سے دم توڑ رہے ہیں۔
مرکزی سڑک کی بندش کے خلاف کُرم پریس کلب سمیت مختلف مقامات پر متاثرین کا دھرنا جاری ہے۔
کُرم کے مظاہرین سے یکجہتی کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، جھنگ، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے جاری ہیں جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور لوگ پریشان ہیں۔