سیاسیات- کے پی حکومت کی جانب سے کرم کے لیے ایمرجنسی ادویات کی کھیپ روانہ کردی گئی ہے جب کہ ہیلی کاپٹر سروس بھی جاری ہے۔
صوبائی مشیر صحت احتشام خان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سےاپر کرم کے لیے مزید ایمرجنسی ادویات کی کھیپ روانہ کردی گئی ہے، جس میں 500 کلوگرام وزنی ایمرجنسی ادویات حکومت کے MI-17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادویات ایم ایس پاراچنار کے حوالے کی جائیں گی۔ ایمرجنسی ادویات کی یہ کھیپ مختلف این جی اوز اور خیراتی اداروں نے عطیہ کی ہیں۔ تاحال وفاق کی جانب سے ضلع کرم میں نہ کوئی ادویات اور نہ ہی کوئی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
احتشام علی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے کہنے والے آج کہاں ہیں؟ ضلع کرم کے لوگ آج بھی وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہاں سے کوئی امداد آئےگی لیکن کچھ بھی تاحال نہیں آیا۔
دریں اثنا مقامی انتظامیہ کے مطابق کرم کے لیے ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے اور اب تک 230 سے زائد افراد کو مختلف علاقوں میں پہنچایا جا چکا ہے جب کہ مزید پروازیں جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کرم کا کہنا ہے کہ کرم مشران کے ساتھ جرگہ علاقے کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے اقدامات پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اب تک 1200 مریضوں کو چیک کیا جا چکا ہے۔ کرم میں قیام امن کے لیے امن معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کرم کے علاقے پیواڑ اور بالش خیل میں بنکرز مسماری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔