اپریل 5, 2025

پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر کی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان

سیاسیات- استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عون چوہدری 1-2 روز میں استعفیٰ دے کر حکومت سے علیحدہ ہو جائیں گے جبکہ پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر کی جائے گی۔ نیشل پریس کلب اسلام آباد میں استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف والے کل جن لوگوں سے ملے انہوں نے ہی ملک کو درد دیا، جس نے درد دیا تھا وہی دوا دیں گے۔؟ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے استحکام پاکستان پارٹی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے اپنی ذات کو سیاست پر ترجیح دی، پھر اپنی سیاست کو ریاست پر ترجیح دی۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں بارود بھر دیا گیا، قومی اداروں کے خلاف زہر اگلا گیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا عون چوہدری آئندہ ایک یا دو روز میں استعفیٰ دے کر حکومت سے الگ ہو جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عون چوہدری نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، اب وہ الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دائر کریں گے۔ ایسی سیاسی جماعت جو ریاست کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے وہ سیاست کا حق نہیں رکھتی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس بات کی تردید کرتی ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ نے کوئی سیاسی جماعت بنائی ہے، اسٹیبلشمنٹ کا قومی کردار ہے۔ قومی کردار میں سیاست کی نفی نہیں ہوسکتی۔ الزام تراشی کرکے اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں گھسیٹنا غلط ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ آئندہ ہفتے رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن جائیں گے اور انتخابی منشور عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے، قوم کے سامنے سب سے اہم چیلنج ملک کا سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہے۔ پاکستان کے سیاسی معاشی حالات کے باعث استحکام پاکستان پارٹی کا جنم ہوا، آئندہ انتخابات میں ہر حلقے میں اپنے لوگ کھڑے کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست اور محبت میں سب کچھ جائز ہے۔ پہلی جماعت ہے جس نے اپنی لانچنگ میں امیدوار ساتھ بٹھائے۔ جب امیدوار الیکشن میں اتریں گے تو نتائج بھی نظر آئیں گے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

six + five =