سیاسیات- تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے بے توقیری اور توہین کر کے مجھے سائیڈ لائن کردیا، عمران خان کے ملاقات کا دل چاہتا ہے مگر انکار سے ڈرتا ہوں۔
پارلیمنٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے ضلع میں سیمنٹ کا سب سے بڑاپلانٹ ہے اور عوام اُس کے خلاف دھرنا دیے بیٹھے ہیں، میرا مطالبہ ہے کہ چیمبر آف کامرس اس کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے ریمانڈ آرڈیننس کے خلاف ہوں، یہ سب بانی چیئرمین کے خلاف کرپشن کے کیسسز کی تیاریاں ہیں اور ملک میں اب انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف کی قیادت سے سخت ناراض ہوں کیونکہ میری بے توقیری اور توہین کی گئی ہے، میرے حوالے سے قیادت نے یکطرفہ فیصلہ کیا اور شوکاز کے بعد کارروائی کی۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ جو کچھ پی ٹی آئی قیادت نے میرے ساتھ کیا شاید میں اُس کا ہی حقدار تھا کیونکہ میں نے ہمیشہ عمران خان اور عام کارکنان کی بات کی، بانی چیئرمین کے عزم نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا اور میں آگے بڑھتا رہا مگر اب پارٹی میں سائیڈ لائن کردیا گیا ہوں۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کو اٹھانے کی مذمت کرتا ہوں اور اعلان کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا کے ساتھ کھڑا ہوں، اس وقت پاکستان میں سوشل میڈیا والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
شیر افضل نے کہا کہ ہم نےعوام سے جلسوں کا وعدہ کیا پر نہیں کرسکے، ہمیں جلسوں کی پہلے کب اجازت ملتی تھی، عوامی ریلیاں اور جلسے جلوسوں سے ہی بانی کی رہائی ممکن ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ دل کرتا ہے بانی چیئرمین کے پاس جاؤں،مگر ڈرتا ہوں کہ پھر انکار ہوگیا تو میرا کیا بنے گا۔