سیاسیات- پنجاب کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کو ذمہ دارانہ بیان دینا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پٌرویز الہٰی نے ایک سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ وزیرآباد میں سپاہی اور محرر وہ خود لگائیں اور جو مرضی کریں، آئی جی اور ساری حکومت ان کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو ذمہ دارانہ بیان دینا چاہیے، یہ ان کی اپنی حکومت ہے، 25 تاریخ کو آپ کا جو حال ہوا تھا، زبانیں باہر آئی ہوئی تھیں اور لالے پڑے ہوئے تھے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ کم ازکم اپنے لیڈر عمران خان کی بات کی پیروی کرو، میں تو وہ جو کہہ رہے ہیں ہو بہو ایسے ہی کر رہا ہوں اور اگر یہ کام عثمان بزدار کی حکومت کرتی تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، ہمیں ہر جگہ چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بڑی مشکل سے پی ٹی آئی کی حکومت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے اور عمران خان کے وژن کے مطابق آگے جا رہی ہے۔
صحافی نے ان سے گورنر کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے حکم سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’آپ کو کیا جلدی ہے، ضرورت تو مجھے ہے، ہم گورنر نے جو حکم دیا ہے اس کو مانتے نہیں ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’گورنر کا حکم غیرقانونی ہے، اگر ہم مان لیں گے تو اس کا مطلب ہے ساری کمی ہماری ہے اور گورنر چاہتا ہے غیرقانونی حکم جاری کرے جو چاہتا ہے ہم اس کی تصدیق کریں یہ نہیں ہوسکتا‘۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے، وہ ادھر کہتا ہے مجھے دو گاڑیاں دیں، کبھی کیا کیا چیزیں دیں تو جیسے مونس نے کہا کہ دکان بند ہے اور ہم ایک پیسہ نہیں دیں گے‘۔