سیاسیات- پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران نے پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کو روکنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ لاہور شہر میں تحریک انصاف کا کوئی احتجاجی مظاہرہ یا ریلی کی اجازت نہ دی جائے۔ اگر کسی ریلی یا احتجاج کی خبر ملے تو فوری طور پر اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ اوز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جس تھانے کی حدود میں تحریک انصاف کا احتجاج ہوا، اس تھانے کے ایس ایچ او کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس افسران کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کے جو بھی کارکنان مظاہرہ کریں یا ریلی نکالیں انہیں فوری گرفتار کر لیا جائے۔
