سیاسیات- پاکستان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی ’فارن ملٹری فنناسنگ‘ اور ’فارن ملٹری سیلز‘ بحال کرے جو سابق امریکی انتظامیہ نے معطل کر دی تھی۔
یہ بات امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے ولسن سینٹر نامی تھنک ٹینک کے ایک سیمینار سے خطاب میں کہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کے لیے اپنا کردار دوبارہ ادا کر سکتا ہے کیوں کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ عدم توازن کی پالیسی کے سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں اور اس تناظر میں پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ امریکہ پاکستان کی ’فارن ملٹری فنناسنگ‘ اور ’فارن ملٹری سیلز‘ بحال کرے جو کہ پچھلی امریکی انتظامیہ نے معطل کر دی تھی۔‘
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور نہیں چاہتا کہ اس کے چین کے ساتھ تعلقات کسی بھی طرح امریکہ کے ساتھ تعلقات کو خراب کریں۔
’پاکستان خیر سگالی کے طور پر دونوں قوتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتا ہے اگر وہ چاہیں تو جیسا کہ اس نے 1970 میں کیا تھا۔‘
مسعود خان نے کہا کہ ’ہم سیلاب اور کوڈ کے دوران امریکہ کے تعاون کے لیے ممنون ہیں۔‘