سیاسیات- پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن کے بعد ایک اور بھارتی جاسوس پکڑ لیا ہے۔ چکرویدی ایران سے آیا اور وہاں بزنس کر رہا تھا۔ سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے پاکستان کے پرائیویٹ ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کو انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ کلبھوشن کے بعد پاکستان نے ایک اور بھارتی جاسوس پکڑ لیا ہے۔ بھارتی جاسوس چکرویدی بھی بلوچستان میں ایرانی بارڈر سے پکڑا گیا۔ سابق سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے خلاف ایران، افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے بھارتی میڈیا کی بدسلوکی اخلاق سے گری ہوئی تھی، ایران کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ بھارت سے دوستی قابل بھروسہ نہیں۔
مودی کے حوالے سے سابق سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مودی نے اپنی تقریر میں پرانا منترا دہرا دیا، مصالحت کاروں کا ذکر نہ کیا، مودی کی انا کو جو زخم آیا ہے، اس کیلئے وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں جبکہ حیران کن طور پر مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سیزفائر پوسٹ کا ذکر نہیں کیا۔ چین سے متعلق انہوں نے کہا کہ چین سے ہمارا رشتہ مضبوط ہے، انہوں نے کبھی اندرونی معاملات میں دخل نہیں دیا، چین نے ہمیشہ پاکستانی پوزیشن کو سپورٹ کیا اور ہم نے بھی چین کا ہمیشہ ساتھ دیا۔ اعزاز چودھری نے بتایا کہ مودی لاہور آئے تو بطور سیکرٹری خارجہ علم نہ تھا، میٹنگ مثبت ہوئی، مگر آگے نہیں بڑھی، بھارتی سفیر نے بتایا مودی بتانا چاہتے تھے کہ جو کوئی نہیں کرسکا میں کرکے دکھاؤں گا، بعد میں مودی کو اندازہ ہوا کہ یہ معاملہ پیچیدہ ہے، پھر وہ دوسری انتہا پر چلا گیا۔