سیاسیات- دفتر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بحالی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم کیا ہے اور اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کو سراہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہمیں یقین ہے کہ یہ سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آنے سے علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کا نمونہ متعین ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی کانفرنس کے موقع پر ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان نے دیگر کئی ممالک کی طرح ایران، سعودی عرب مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے اس تازہ ترین معاہدے سے متعلق کامیاب سفارتی کوششوں پر چین کو مبارکباد دیتے ہیں۔