سیاسیات- انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن اور آئینی سرگرمیوں میں رکاوٹ پر مبنی کوئی شرط نہیں۔
پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستھر پیریز نے کہا ہے کہ پاکستان میں صوبائی اور عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق وقت کے تعین اور دیگر فیصلوں کا اختیار مکمل طور پر پاکستان کے اداروں کے پاس ہے۔
مقامی اخبار کے مطابق آئی ایم ایف کی نمائندہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے پروگرام میں ایسی کوئی شرط نہیں جو آئینی سرگرمیوں میں رکاوٹ بنے۔ آئی ایم ایف پروگرام عمومی اہداف طے کرتا ہے۔ پروگرام میں اتنی مالی گنجائش ہوتی ہے کہ اضافی پیسے اکھٹے کرنے سے یا پہلے سے طے شدہ اخراجات میں تبدیلی کرکے آئینی سرگرمیوں کو مکمل کیا جا سکے۔
دوسری جانب ایستھر پیریز نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ چند نکات کے مکمل ہونے پر کیا جائے گا جس میں حکومت کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ پیٹرول سبسڈی اسکیم شامل ہے۔