جون 13, 2024

پاکستان غزہ میں سکولوں کی تعمیر نو میں مدد کے لیے تیار ہے: وزیر خارجہ

سیاسیات- پاکستان نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے غزہ میں تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میں شراکت دار بننے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یہ تجویز اردن میں غزہ کے لیے فوری انسانی امداد کے بارے میں ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لیے کام کرنا ہوگا جس کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں توثیق کی گئی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم غزہ میں کسی بھی آبادیاتی یا علاقائی تبدیلی کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

’اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن تسلیم کیا جائے تاکہ دو ریاستی حل کے مستقل قیام کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ ارض مقدس میں پائیدار امن و سلامتی کے حصول کا واحد راستہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ ایک آزاد، خود مختار عوام کی حیثیت سے آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں، جس میں 1967 سے قبل کی سرحدوں کے اندر ایک ریاست اور آزاد القدس شریف اس کا دارالحکومت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان دنیا میں امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا، خاص طور پر دیرینہ تنازعات خصوصا مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کوشاں رہے گا۔

وزیر نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی آٹھ ماہ سے جاری نسل کشی والی فوجی جارحیت میں 37 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے گئے، 84 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے اور غزہ کی 23 لاکھ آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

4 + nine =