سیاسیات-ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زاہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جرمنی میں میونخ اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 22 فروری کو ہنگری کا دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران وہ ہنگری کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ملٹری وفد نے واشنگٹن کا دورہ کیا ہے، دورے کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان دفاعی نظام میں بہتری لانے میں تعاون بڑھانا ہے، پاک امریکا تعلقات میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے، دوطرفہ تعلقات کا فروغ خوش آئند ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے مذاکرات ہوئے، ان مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں پر بات چیت ہوئی، پاکستان گیس پائپ لائن پر ایران سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے یوکرین کو اسلحے کی سپورٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان کی پوزیشن اس معاملے پر واضع ہے جو پوری دنیا جانتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کی کہانی پرانی ہے، اس پر ہمارے سابق ترجمانوں نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، روسی سفیر کے انٹرویو کا نوٹس لیا ہے، روسی سفیر کا بیان ان کی ذاتی آرا پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سفارت خانے نے اپنا قونصلر ہال بند کرنے پر بیان جاری کیا ہے، یہ قونصلر ہال تکنیکی بنیادوں پر بند کیا گیا ہے، چینی سفارتخانے سے ویزوں کا اجرا اس سے متاثر نہیں ہوگا۔