سیاسیات- وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کی علاقائی اور عالمی کوششوں کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہے۔
بھارت کے شہرگوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزازکی بات ہے، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کو اہم علاقائی پلیٹ فارم سمجھتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سب ممالک دیرینہ، تاریخی، ثقافتی، تہذیبی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہیں،پاکستان اصل شنگھائی اسپرٹ میں موجودمشترکہ ترقی پرپختہ یقین رکھتا ہے، مشترکہ ترقی کا اصول علاقائی، اقتصادی روابط اورتعاون پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے، یوریشین کنیکٹیوٹی کا وژن اگلی سطح تک لےجانےکیلئے یہ اہم پلیٹ فارم ہوسکتاہے، ہم ستمبر 2023 میں علاقائی خوشحالی کیلئے ٹرانسپورٹ کنیکٹیوٹی کانفرنس کی میزبانی کے منتظر ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سمرقند اعلامیے نے خطے میں موثر راہداریوں اور قابل اعتماد سپلائی چینزکا مطالبہ کیا تھا، مشترکہ اقتصادی وژن آگے بڑھانےکیلئے اجتماعی رابطے میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سینٹرل ایشیائی ریاستوں کو راہداری تجارت کے لیے بہترین موقع دیتاہے، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کی علاقائی اور عالمی کوششوں کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہے، معیشتوں میں رابطےکی کمی علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہے۔