سیاسیات- حکومت پاکستان نے ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ صوبہ بلوچستان کے علاقے پنجگور میں واقع چوتھی سرحدی راہداری کوہک چیدگی کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس سلسلے میں گذشتہ روز 12 جنوری، 2025 کو سیکرٹری ٹرانزٹ اینڈ بارڈر ٹریڈ زبیر شاہ کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ اور کسٹمز ہاؤس گوادر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوہک چیدگی کراسنگ پوائنٹ کو فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔
حکام نے اس بابت درکار انفراسٹرکچر کے لیے دیگر شراکت داروں کے ہمراہ اقدامات اٹھا کر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدوں کے تناظر میں حکومت پاکستان نے ایران اور افغانستان سے غیرقانونی طریقے سے تیل اور دیگر اشیا سمیت ہر قسم کا سامان لانے اور لے جانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم قانونی تجارت کی اجازت کے لیے آہستہ آہستہ انٹری پوائنٹ کھول رہے ہیں۔