سیاسیات- دنیا بھر کے وی لاگرز اور صحافیوں میں سے پاکستانی اینکر پرسن ہرمیت سنگھ کو عالمی اربعین ایوارڈ 2024 کے لیے پہلی پوزیشن کا اعزاز دیا گیا ہے۔ اس اعزاز کا اعلان اسلامی جمہوریہ ایران کی تنظیم برائے ثقافت و تعلقات (ICRO) کی جانب سے کیا گیا، جو ہر سال اربعین کے موقع پر بہترین میڈیا کوریج کو تسلیم کرنے کے لیے اس ایوارڈ کا انعقاد کرتی ہے۔
ہرمیت سنگھ، جو سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں، نے 2024 میں صفر کے مہینے میں کربلا کا دورہ کیا اور اربعین کے موقع پر منفرد انداز میں اس عظیم الشان اجتماع کی عکاسی کی۔ انہوں نے اپنی کوریج میں نہ صرف زائرین کے جذبات اور عقیدت کو پیش کیا بلکہ اربعین کے پیغام کو دنیا کے سامنے امن، اتحاد، اور انسانیت کے عظیم اصولوں کے طور پر اجاگر کیا۔
اس اعزاز کے حوالے سے ہرمیت سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا “یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے عالمی اربعین ایوارڈ میں پہلی پوزیشن کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ ایوارڈ صرف میری نہیں بلکہ اُن تمام لوگوں کی کامیابی ہے جو اربعین کے پیغام انسانیت کو دنیا بھر میں پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور ICRO کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری کاوشوں کو تسلیم کیا۔”
عالمی اربعین ایوارڈ اسلامی ثقافت و تعلقات تنظیم (ICRO) کی جانب سے ہر سال اربعین کے موقع پر دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ اُن صحافیوں، وی لاگرز، اور میڈیا پروفیشنلز کو دیا جاتا ہے جو اربعین کے ثقافتی، مذہبی، اور انسانی پہلوؤں کو نمایاں انداز میں پیش کرتے ہیں۔ ہرمیت سنگھ کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کرنا ایک اہم قدم ہے جو دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی یکجہتی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ہرمیت سنگھ نے اپنے یوٹیوب چینل اور سچ نیوز پاکستان پر اربعین کی خصوصی کوریج کی تھی۔ انہوں نے زائرین کے انٹرویوز،’’کربلا ہرمیت سنگھ کے نظر میں ‘‘کے عنوان سے ڈاکومنٹری، مقامی عراقی عوام کے مہمان نوازی کے جذبات اور اجتماعی انسانیت کے منفرد مناظر کو اپنی رپورٹس میں شامل کیا۔ ان کی رپورٹس نے دنیا بھر کے ناظرین کو اربعین کے فلسفے اور روحانیت سے روشناس کرایا۔ہرمیت سنگھ کی اس کامیابی کو مختلف مکاتب فکر کے افراد نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے والے پیغامات کسی خاص مذہب یا عقیدے تک محدود نہیں رہتے، بلکہ یہ دنیا بھر میں انسانیت کی قدر کو اجاگر کرتے ہیں۔