سیاسیات۔ وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے قومی ائیر لائن سمیت دیگر پاکستانی ائیرلائنز کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کے مطابق حفاظتی نگرانی یقینی بنانے سے ممکن ہوئی۔
وزیر دفاع و ہوابازی نے کہا کہ قومی ائیرلائن پرپابندی کےخاتمہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بہت محنت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، پابندی ہٹنے سے نجکاری کے عمل میں فائدہ ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ائیرلائن اور ایوی ایشن انڈسٹری تباہی ہے دہانے پر آگئی تھی، پی آئی اے کا آپریشن جلد بحال ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی پابندی ہٹ جائے گی۔
واضح رہے کہ یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے میں پائلٹس کے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر 30 جون 2020 کو پی آئی اے کی یورپی ممالک کے لیے پروازوں کو معطل کیا تھا تاہم حکومتی کاوشوں سے پابندی کو عارضی معطل کرتے ہوئے پی آئی اے کو 3 جولائی 2020 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔