سیاسیات۔ بطور ثبوت ویڈیو نہیں ہوگی تو آئندہ ٹکٹ نہیں ملے گا، بشریٰ بی بی کی پی ٹی آئی اجلاس کی آڈیو سامنے آگئی
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پشاور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کی آڈیو سامنے آگئی۔
آڈیو میں بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کا پیغام کارکنوں کو دے رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھاکہ آپ کو گاڑیوں کی ویڈیو بنانی ہے جس میں عام عوام بھی نظر آئیں، احتجاج میں صرف ورکرز نہیں عوام کو بھی لیکر پہنچنا ہے، انٹرنیٹ بند ہوگا متبادل بندوبست کرنا ہوگا، سوشل میڈیا، یوٹیوبرزقافلوں کی ویڈیوساتھ ساتھ شیئر کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے قافلے کا کوئی ورکر زخمی ہوجائے تو حلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے سب مل کر اس کا خیال رکھے۔
ان کا کہنا تھاکہ ’خان نے کہا ہے کہ ’احتجاج کے دن ہر ایم این اے، ایم پی اے مرکزی جلوس میں شامل ہونے سے پہلے اپنے انفرادی جلوس کی ویڈیو بنائے گا جس کے پاس ثبوت کے طور پر ویڈیو نہیں ہوگی تو اسے اگلی بار ٹکٹ نہیں ملے گا، اسے پارٹی میں چاہے 25 سال ہو چکے ہوں یا 30 سال پرانا ہو، خود بھی گرفتاری نہیں دینی اور ورکرزکوبھی گرفتاری سے بچانا ہے‘۔
بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ قافلے میں انٹرنیشنل میڈیا کو ساتھ رکھنا ہے، 24 نومبر کااحتجاج بانی پی ٹی آئی سے وفا کا امتحان ہے، 5 لاکھ لوگ 24 نومبر کو نکل سکتے ہیں، اس وقت گروپنگ کا مطلب خان سے وفاداری نہیں۔
بشریٰ بی بی نے 9 منٹ تک اجلاس سے خطاب کیا۔ رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے بشری بی بی کی آڈیو کی تصدیق کردی اور کہا کہ پی ٹی آئی اجلاس سے خطاب کی آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔