ستمبر 27, 2024

مزاحمتی محاذ کی ایمانی قوت اور بہادری کے مقابلے میں اسرائیل شکست کھائے گا۔ علامہ عارف واحدی

سیاسیات- شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی راہنما علامہ عارف حسین واحدی نے جنوبی لبنان پر درندہ صفت ریاست کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان پر صہیونی جارحیت کا حالیہ حملہ امت اسلامیہ کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور بہت بڑا سانحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل جو کہ ہمیشہ سے بے لگام ہے اور اس کی بنیادی وجہ ہم امت مسلمہ کی کمزوری ہے چونکہ جب تک ہم اسرائیل کے سرپرستوں کے سامنے جھکے رہیں گے اس وقت تک اسرائیل اسی طرح بے لگام رہے گا اور جہاں اور جب چاہے گا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا رہے گا اور حتی کسی قسم کے جنگی اصولوں کی بھی پاسداری نہیں کرے گا۔

ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما نے مزید کہا: آج یہ وحشی درندہ ایک طرف غزہ و لبنان میں خواتین، بچوں اور نہتے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے تو دوسری طرف اقوام متحدہ کے سکول، تعلیمی اداروں اور میڈیا سمیت دیگر حقوق انسانی کے اداروں کو بھی اپنی بربریت کی بھینٹ چڑھا دیا ہے اسرائیل کی بے لگامی کی بنیادی وجہ امت مسلمہ کی کمزوری اور عدم اتحاد ہے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: اس صہیونی جارح ریاست نے جب غزہ و فلسطین کو تاراج کیا اور جیسے اس کا دل چاہا اس نے وہاں بمباری کی اور اسے ملیا میٹ کر دیا اور کوئی اسے روکنے والا نہیں تو اب لبنان میں بھی وہی سمجھ رہا ہے کہ وہ جو اس کا دل چاہےکر سکتا ہے اور بدقسمتی سے عالمی برادری کی جانب سے کسی قسم کا عالمی سطح پر کوئی اقدام نہیں ہو گا حالانکہ عین اس وقت اقوام متحدہ میں دنیا بھر کے حکمران اکٹھے ہیں تو ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری ایکشن لیں اور سلامتی کونسل میں اس حوالے سے فوری نشست رکھی جائے تاکہ اسرائیل کو لگام دی جا سکے۔
انہوں نے مسلمان حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا: اسرائیل جس طرح مسلمان ممالک پر چڑھائی کرتا جا رہا ہے تو اگر آج یہاں اسے مل کر نہ روکا گیا تو کوئی بھی مسلمان ملک اس کی درندگی اور وحشیانہ پن سے محفوظ نہیں رہے گا۔
شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدرنے آخر میں کہا: درست ہے کہ اسرائیل ایٹمی پاور اور ظاہرا بڑی طاقت ہے لیکن لبنان کے لوگ بھی فلسطینیوں کی طرح بہادر، باشعور اور اپنی زمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ان شاءاللہ صہیونیوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور مزاحمتی اور مقاومتی محاذ کامیاب ہو گا-نَصْرٌ مِّنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 × one =