سیاسیات- الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی پارٹیوں کے مالیاتی اثاثوں کی چھان بین کے معاملے میں پاکستان راہ حق پارٹی (کالعدم سپاہ صحابہ) اور جمہوری وطن پارٹی کو جواب جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں سیاسی پارٹیوں کے مالیاتی اثاثوں کی چھان بین کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار عامر کیانی کی جانب سے شاہ خاور ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے وکیل کے معاون وکیل کمیشن میں پیش ہوئے۔
معاون وکیل نے کہا کہ جہانگیر جدون ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، ہمیں وقت دیا جائے۔ وکیل ٹی ایل پی عبدالرحیم نے کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی 2017 سے رجسٹرڈ ہے، تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن میں پہلے سے جمع کرا چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان راہ حق پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کو جواب جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔