سیاسیات-وزیر دفاع خواجہ آصف نے نو مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کو کڑی سزا دیے جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے فوج کی تنصیبات پر حملہ کیا اور جنہوں نے پاکستانی فوج کو للکارا ہے، ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو پاکستان کے دشمن کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن کے دوران فوجی تنصیبات اور یادگاروں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا نام لیے بغیر کہا: ’نو مئی کو ایک شخص نے اپنے اقتدار کے لیے پاکستان کی اساس پر حملہ کیا، پاکستان کی مٹی سے رشتے کو چیلنج کیا۔‘
بقول خواجہ آصف: ’ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے، وہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔ جب ایک ٹولہ اٹھ کر ان مقدس یادگاروں پر حملے کرے، جن لوگوں نے پاکستان کے لیے سب کچھ لٹایا تو ان کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی، ان قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت بھی ہماے سپاہی وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنا خون بہا رہے ہیں، یہ رشتہ اگر کوئی توڑے گا تو وہ پاکستان کا ساتھی، حب الوطن نہیں ہوسکتا۔‘
One Response
سب سے پہلے تو یہ خود اپنے آپ کو پیش کرے ، یہ ایسے ھی ھے جیسا آنکھ کے اندھے کو کچھ نظر نہیں آتا اسی طرح عقل کے اندھے کو بھی کچھ نظر نہیں آتا