سیاسیات- اسلامی تعاون تنظیم کے مطابق 12 نومبر 2023 کو ریاض میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ رواں ہفتے سعودی عرب میں فلسطین کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے پیر کو کہا تھا کہ فلسطین کی صورت حال پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اتوار (12 نومبر) کو ایک غیرمعمولی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
او آئی سی کے مطابق ’سربراہ اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
غزہ پر اسرائیلی حملے ایک ماہ سے جاری ہیں اور فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ان حملوں میں اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے چار ہزار سے زائد بچے ہیں۔