سیاسیات- آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیرصدارت اجلاس سی پی او میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا بارے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی نے صوبہ بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا میں جاری پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ آئی جی عثمان انور نے لسٹوں اور بغیر لسٹوں والےغیر قانونی تارکین وطن کا انخلاء ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں تارکین وطن کےغیر رجسٹرڈ شدہ بچے بھی غیرقانونی مقیم شہریوں میں شمار ہونگے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ غیر قانونی مقیم افغان باشندے واپس جانے کی بجائے دوسرے اضلاع میں منتقل ہو گئے ہیں، اس لئے چھپنے کی کوشش کرنیوالےغیر قانونی تارکین وطن پر بھی کڑی نظررکھی جائے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ انخلا بارے اچھی کارکردگی پر آر پی او ملتان اور اور آر پی او ڈی جی خان کو شاباش دیتے ہیں۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کوغیرقانونی غیرملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کا صوبہ سے انخلا بتدریج جاری ہے۔