سیاسیات- پشاور کی تحصیل کونسل متھرا کے چیئرمین کی نشست پر ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں جمیعت علماء اسلام ف کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ہو گیا۔ جبکہ ایبٹ آباد میں تحریک انصاف شکست کھا گئی۔
موصول ہونے والے تمام 155 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار انعام اللہ 20 ہزار333 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جے یو آئی کے امیدوار رفیع اللہ 13 ہزار 564 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
چیئرمین تحصیل کونسل متھرا کی نشست جے یو آئی کے فرید اللہ خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی انتخاب کیلئے کل 6 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق اس سے پہلے جے یو آئی کے امیدوار فرید اللہ خان نے 22 ہزار ووٹ حاصل کرکے چیئرمین منتخب ہوئے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد احتشام خان تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں تحصیل چیئرمین کیلئے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے تمام 134 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عزیر شیر خان 21 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔
پی ٹی آئی کے افتخار خان 18 ہزار 521 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے ملک طلحہ کو 14 ہزار 892 ووٹ ملے ۔
واضح رہے کہ یہ نشست تحصیل چیئرمین عاطف منصف خان کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی۔عاطف منصف خان آزاد حیثیت سےچیئرمین حویلیاں منتخب ہوئے تھے بعد میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔