سیاسیات- ضلع کرم میں دونوں قبائل کے عمائدین نے غیرمعینہ مدت تک سیز فائر پر اتفاق کرلیا۔
کمشنرکوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ کی سربراہی میں ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیےگرینڈ جرگہ ہوا۔
کمشنر کوہاٹ کے مطابق فریقین کے 100 سے زیادہ افراد نے گرینڈ جرگے میں شرکت کی۔
کمشنر کوہاٹ کے مطابق دونوں قبائل کے عمائدین نے ضلع کرم میں غیرمعینہ مدت تک سیز فائرپر اتفاق کیا ہے۔
گرینڈ جرگہ کے ارکان نے دونوں فریقین سے انفرادی اوراجتماعی ملاقاتیں کیں اورکئی گھنٹوں کی طویل مشاورت کے بعد اس بات پر متفق ہوگئے کہ ضلع کرم میں جنگ بندی غیر معینہ مدت تک ہوگی۔
فریقین نے عہد کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کاحل ممکن نہیں اور عشروں پر محیط اس مسئلے کے مستقل اورپائیدار حل کے لیے وقت ضرور درکار ہوگا تاہم اس کے لیے دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔
فریقین نے یہ بھی عہد کیا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل اور علاقے کے امن کی خاطر ضلع کرم میں مکمل اورپائیدار امن کے قیام تک بیٹھے رہیں گے اوریہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں کو جائیں گے۔
کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہےکہ فریقین نے پائیدار امن کے قیام تک ساتھ بیٹھے رہنے کا عزم کیاہے۔
کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ ہرصورت حکومتی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔