سیاسیات- پاکستان کے معروف اینکر اور صحافی ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔
ارشد شریف پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے ملک چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہوگئے تھے۔
ان کے اہل خانہ نے بھی کینیا میں ہونے والے اس واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن تاحال اس بات کی وضاحت نہیں ہو سکی کہ ارشد شریف کے چل بسنے کے محرکات کیا تھے۔
ان کی اہلیہ جویریہ صدیق نے ایک ٹویٹ میں کینین پولیس کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کی اور اپیل کی کہ ان کے اس غم میں ان کی نجی زندگی کا خیال رکھا جائے۔
ارشد شریف کے سابق چینل اے آر وائے کے مطابق انہیں کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے دو گھنٹے کی مسافت پر ایک مقام پر گولی لگی جن سے وہ جان بر نہ ہوسکے۔
ارشد شریف طویل عرصے سے پاکستانی نیوز چینل اے آر وائی نیوز سے منسلک رہے، اے آر وائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال نے بھی اس حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے۔
اگست 2022 کے دوران ان کے ایک پروگرام کی وجہ سے ان کی اے آر وائی کی ملازمت چلی گئی جس کے بعد سے لے کر اپنی موت تک وہ اپنا یو ٹیوب چینل چلا رہے تھے۔