سیاسیات-چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت امریکی سائفر کیس کی سماعت میں عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اٹک جیل میں کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے لایا گیا حاضری لگائی گئی۔ عدالت نے حاضری لگانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔
سماعت کے بعد جج ابو الحسنات ذوالقرنین اٹک جیل سے روانہ ہو گئے۔
حکومت نے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کی دستاویز یعنی سائفر کے گم ہونے اور اسے عوامی سطح پر لانے پر سابق وزیر اعظم کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا تھا۔
وزارت قانون نے سماعت جیل کے اندر کرنے کی اجازت دے دی تھی اور اس سلسلے میں خصوصی عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث وزارت قانون نے سماعت اٹک جیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس مقدمے کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی جنہوں نے ایک حکم کے تحت کل عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں ریلیف کے باوجود جیل میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو پیش کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔