ستمبر 14, 2024

رؤف حسن نے بھارتی صحافی کو اشتعال انگیز اور خوفناک پیغامات بھیجے

سیاسیات- وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کے غیر ملکی عناصر سے روابط پر ردعمل دیا ہے۔

اپنے بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ رؤف حسن نے بھارتی صحافی کو اشتعال انگیز اور خوفناک پیغامات بھیجے ہیں، پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہو چکا ہے، فارن فنڈڈ اور ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند جماعت غیرملکی آقاؤں کا سہارا لے رہی ہے، فارن فنڈڈ جماعت نے پہلے سائفر کے ذریعے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی بھارت کا اسپانسرڈ ایجنڈا لے کر چل رہی ہے، پی ٹی آئی کوبھارتیوں نے بیرون ملک سے فنڈنگ کی جو تحقیقات میں سامنے آچکی، فارن فنڈڈ ٹولے نے ملک دشمنی کی ہرحد عبور کرلی، اب سمجھ آ رہی ہے کہ 9 مئی کے حملے کیوں کیے گئے۔

عطا تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل کے ذریعے فوج اور سپہ سالار کے خلاف مہم چلائی جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رؤف حسن کے بھارتی صحافی سے رابطے ثابت کرتے ہیں کہ وہ ملک دشمن قوتوں کے کہنے پر مہم چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کا اصل ہدف پاکستان کے قومی مفادات اورفوج کونقصان پہنچانا تھا، یہ لوگ پاکستان میں بیٹھ کر بھارتی ایجنڈا پورا کررہے ہیں، دہشتگردوں کوبھی اسی لیے لائےکہ بھارتی ایجنڈا پورا ہوسکے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ  فیض حمید بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اہم سیاسی مہرا ثابت ہوا ہے، ثابت ہوگیا مُرشد کا موکل فیض تھا، ”فیض“ مرشد کا نہیں بلکہ ”فیض حمید“ کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فیض نیازی گٹھ جوڑ کے تانے بانے بشریٰ بی بی سے ملتے ہیں جو اِس گٹھ جوڑ کا ایک کردار تھیں، فیض، نیازی اور بشریٰ گٹھ جوڑ نے اپنے اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، فیض نیازی گٹھ جوڑ نے تاثرپیدا کرنے کی کوشش کی کہ فوج میں کسی قسم کی کوئی تقسیم ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

2 × 4 =