جولائی 5, 2025

سیاسیات-`دنیا بھر سمیت ملک بھر میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں 9 محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، شہر شہر ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگیا، شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کی، اسلام آباد، لاہور، اور کوئٹہ میں بھی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، پشاور کا جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک دوپہر 1 بجے سے برآمد ہوا، سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مجلس ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

مجلس ختم ہونے کے بعد نماز ظہرین ادا کی گئی، جس کا اہتمام امایہ اسٹوڈنٹس ارگنائزیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

نماز ظہرین کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، یہ جلوس نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

سیکیورٹی کے لیے شہر قائد کے مختلف مقامات پولیس کے مجموعی طور پر 7 ہزار 507 افسران و جوان فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پولیس کے سینئر افسران سمیت 904 این جی اوز، 6 ہزار 603 ہیڈ کانسٹیبل،کانسٹیبل ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

پولیس کے ماہر اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات ہیں۔

لاہور میں 9 محرم کا جلوس

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈواسٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، شہر لاہور میں ایک لاکھ47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی پر مامور کیے گئے ہیں۔

لاہورمیں اسلام پورہ سے برآمد ہونیوالا 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے، شادمان، نکلسن روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں میں بھی جلوس اور مجالس برپا کی جارہی ہیں، شرکا سراج بلڈنگ چوک پر نماز ظہرین ادا کریں گے ، جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ کو 9 محرم کی اسپیشل سیکیورٹی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ڈولفن و پی آر یو کی ٹیمیں شفٹ وائز پٹرولنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن و پی آر یو عاشورہ میں راؤنڈ دی کلاک پٹرولنگ پر ہوں گی، ٹیمیں امام بارگاہوں و دیگر مجالس ہائے اور حساس مقامات پر بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ ہمہ وقت 1122، فائر بریگیڈ، ریسکیو 15 و دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، مختلف مقامات و امام بارگاہوں پر بالخصوص خواتین و بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

پشاور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس اختتام پذیر

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نویں محرم الحرام کے موقع پر صدر حسینیہ ہال سے جلوس برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پر امن انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔

پشاور میں نکالے گئے 9 محرم کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پشاور میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ حسینیہ ہال پر اختتام کو پہنچا۔

کوئٹہ میں جلوس کی سیکیورٹی کی تیاریاں مکمل

کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا میکانگی روڈ سے برآمد ہوگا۔

یہ روایتی جلوس اپنے مختصر روایتی راستوں عثمان روڈ سے ہوکر واپس امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی سکس امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے اسی امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

دنیا بھر میں جلوسوں کا سلسلہ جاری

دنیا کا گوشہ گوشہ لبیک یاحسین کی صداؤں سے گونج اٹھا ہے، کربلا کی فضا پرسوگ طاری اور ہرسو عزاداری جاری ہے۔

عراق میں دنیا بھر سے آئے عزادار میدان کربلا میں امام حسین اور ان کے رفقا پر ڈھائے جانے والے مظالم کا غم منارہے ہیں، ایران میں بھی مجالس غم برپا ہے، اور عزادار نوحہ و ماتم کر کے نواسہ رسول اور اہل بیت کے مصائب کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں۔

سری نگر میں سوگوار عزاداروں نے نویں محرم کے جلوس میں سینہ زنی و نوحہ خوانی کرکے حضرت امام حسین اور ان کے جان نثار ساتھیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، فلسطین کی آزادی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

ایران، عراق،بحرین اور فلپائن سمیت دنیا بھر میں بھی حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی لازوال قربانیوں کی یاد میں جلوس عزا نکالے گئے۔

یورپی ممالک میں بھی عزاداران حسین کی جانب سے ماتمی جلوس نکالے گئے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

4 × 4 =