نومبر 24, 2024

حکومت کا 126 ممالک کے شہریوں کو آن لائن مفت ویزا فراہم کرنے کا فیصلہ

سیاسیات- حکومت پاکستان نے 126 ممالک کے شہریوں کو آن لائن مفت ویزا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز  شریف کی زیر صدارت ہونے  والے  وفاقی کابینہ  کے  اجلاس میں اہم فیصلے کیےگئے۔

اعلامیے کے مطابق 126 ممالک کے لیے آن لائن ویزا درخواست سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی گئی ہے۔ 126 ممالک کے شہری 24 گھنٹوں کے اندر کاروباری اور سیاحتی ویزا حاصل کرسکیں گے، ان 126 ممالک کے شہری ویزا پراسیسنگ فیس سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔ تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے آمد پر ویزا سہولت کی منظوری دی گئی ہے۔ ان سکھ یاتریوں کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری دی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم کا کہنا  تھا کہ  حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنےکے لیے پوری طرح کوشاں ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ اور متعلقہ وزارتوں اور حکام نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کی ہے، اس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔

126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں سے ویزا فیس نہیں لی جائےگی: وزیراعظم

وزیراعظم نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں سے ویزا فیس نہیں لی جائےگی، اس سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھےگی، اس کی حتمی منظوری کابینہ دے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان باہر سے آنے والوں کے لیے پرکشش مقام بنےگا، یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اور وہ اس میں شامل سب  افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

الیکٹرانک فارم کے ذریعے 24 گھنٹے میں پاکستان کا ویزا مل جائےگا: وزیراعظم

وزیراعظم نے بتایا کہ  پاکستان آنے کے خواہش مند افراد کو  الیکٹرانک فارم کے ذریعے 24 گھنٹے میں ویزا  مل جائےگا۔  ملک میں ہوائی اڈوں پر ای گیٹس کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا  ہے،گوادر سمیت 9 ہوائی اڈوں پر اس کا اجراء کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کراچی،لاہور  اور  اسلام آباد میں ای گیٹس کا اجراء کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا مزیدکہنا  تھا کہ  ان اقدامات سے مذہبی سیاحت کو فروغ  ملےگا، پاکستان  میں بہترین مذہبی مقامات موجود ہیں، شمالی علاقوں میں بھی بہترین سیاحتی مقامات  ہیں، وہاں بھی سیاحت کو فروغ ملےگا، معیشت مستحکم ہوگی اور  زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × three =