جولائی 6, 2025

سیاسیات- حکومت پاکستان نے تمام صوبوں، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے خلاف کسی قسم کی ہراسانی یا گرفتاری کا رویہ اختیار نہ کیا جائے۔

وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان، سٹیٹس اور فرنٹیئر ریجنز کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ ایک ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کو دیے گئے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز کی مدت میں توسیع کا معاملہ وفاقی حکومت کے زیر غور ہے اور حتمی فیصلے تک افغان پناہ گزین کے خلاف کسی بھی قسم کی منفی کارروائی نہ کی جائے۔

یہ ہدایات وزارت داخلہ، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹرز جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ’جب تک پی او آر کارڈز کی مدت میں توسیع سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آتا، تمام متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ افغان پناہ گزینوں کو بلاوجہ تنگ نہ کریں اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔‘

اس ہدایت نامے کی نقل چیف کمشنر افغان مہاجرین، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

پاکستانی حکومت کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کو دیے گئے پی او آر کارڈ کی مدت 30 جون 2025 کو ختم ہو گئی تھی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

19 − 7 =