سیاسیات-وزیرخارجہ بلاول بھٹور زرداری نے ایرانی ہم منصب امیر عبداللہیان کو ٹیلی فونک رابطے میں عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی جانب پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میرے برادر ایران کے وزیرخارجہ امیر عبداللہیان کی جانب سے فون آیا، جس پر خوشی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’برادر ملک ایران کے عوام کو عیدالفطر کے بابرکت موقع پر مبارک باد دی ’۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رابطے کے دوران ’ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی بحالی پر اظہار اطمینان کیا جو خطے کے امن اور خوش حالی کا باعث ہوں گے‘۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ایک مثبت پیش رفت ہے اور پاکستان دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہونے والے تعلقات کا خیرمقدم کرتا ہے۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر عید کی مبارک باد کا تبادلہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔