سیاسیات- امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی معیشت اور افغان امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق انٹونی بلنکن نے پاکستانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں پاک امریکا تعلقات میں تعمیری شراکت داری قائم رکھنےکے عزم کا اعادہ کیا۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
ترجمان امریکی دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے روس کی یوکرین کے خلاف جنگ کے اثرات سمیت پرامن اور مستحکم افغانستان پر تبادلہ خیال کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے مثبت گفتگو رہی،پاکستان کی معیشت کی بحالی اور علاقائی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکا پاکستان سے مثبت، جمہوری اور تعمیری تعلقات کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سےٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاک امریکا تعلقات میں مثبت رفتار کا جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے تعمیری رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔