سیاسیات- ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانےکی درخواستوں پر سماعت شروع ہوگئی، الیکشن کی تاریخ پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وزیراعظم اور عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کو آج طلب کیا ہے۔
آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، خالد مقبول صدیقی، اسفندیار ولی، چوہدری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کررہا ہے، بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے گزشتہ روز کی سماعت میں کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے، سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آجائیں تو گنجائش نکال سکتے ہیں، سیاسی مذاکرات میں اتفاق ہوا تو ٹھیک ورنہ ہم 14مئی کا حکم دے چکے ہیں۔