سیاسیات- اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے برعکس الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں آج بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی ہدایات جاری کی تھیں اور ہدایات پر عملدرآمد کے لیے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتنے مختصر نوٹس پر محض اسلام آباد میں الیکشن کا انعقاد بھی عملاً ناممکن ہے۔
الیکشن کمیشن کے عہدیدار کے یہ ریمارکس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر غور کے لیے منعقدہ اجلاس کے بعد سامنے آئے۔
عہدیدار نے کہا کہ انتخابات کے لیے درکار سازوسامان منتقل کرنے کے لیے لاجسٹک انتظامات نہیں ہیں اور نہ ہی پولنگ عملہ دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ریٹرننگ افسران موجود بھی ہوں تو انتخابات کے لیے فی الحال کوئی حفاظتی انتظامات نہیں ہیں۔
دریں اثنا وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو دو رکنی ڈویژن بنچ کے سامنے چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، مذکورہ اپیل آج دائر کی جائے گی جس پر پیر (2 جنوری) کو عدالت کی جانب سے سماعت کی جائے گی۔