سیاسیات: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنےکے لیے بلآخر پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے لیکن آئی ایم ایف فنڈنگ کی راہ کھولنےکے لیے بلآخر پاکستان کو ہی فیصلے کرنا ہوں گے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ اصلاحات لانے سے پاکستانی کاروبار مزید مسابقتی ہو جائیں گے اور پاکستان کو بہترسرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مددملےگی جب کہ ضروری اقتصادی فیصلوں سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور امریکا کی مدد سے پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر آسکتا ہے، پاکستان پائیدارترقی کے لیے عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کےساتھ کام کررہا ہے، امریکا، اقتصادی، سکیورٹی، سیاسی چیلنجزپرپاکستان کا شراکت دار بننے کو تیار ہے، ہم پاکستان کے شراکت دار ہیں، مستحکم، پرامن اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو معاشی مشکلات سمیت زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔