سیاسیات- امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کے اعلامیے میں دو ریاستی حل اور 1967ء کی پوزیشن کی بات نہیں ہونی چاہیئے، اسرائیل کا ایک انچ کا وجود بھی تسلیم نہیں کریں گے۔ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں قومی قیادت نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اقوام متحدہ کی رکنیت کا مطالبہ کیا۔ اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دو ریاستی حل کی بات کرنا اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹنا ہے، ہمیں ایک بیداری کی لہر پیدا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو ریاستی حل کی بات نہیں کرتے، اسرائیل کو ایک انچ بھی تسلیم کرنے کی بات نہیں کرتے، میں نے مولانا فضل الرحمان سے تفصیل سے بات کی ہے، جو حالات وہاں کے ہیں، وہ سب کے سامنے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں 80 سے 90 فیصد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، اسرائیل کو ہم ریاست ہی نہیں مانتے، 70 سے 80 فیصد اسلحہ اسرائیل کو امریکا فراہم کر رہا ہے، حماس والے الیکشن جیتے تھے، اسماعیل ہنیہ کو وزیراعظم نامزد کیا گیا تھا، امریکا نے اس وقت حماس کو کام کرنے نہیں دیا تھا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انسانیت کو قتل کرنے والوں کو ہمیں ایکسپوز کرنا چاہیئے، ہمیں صرف فلسطین کی آزادی کی بات کرنی چاہیئے، دنیا کی سب سے بڑی جیل میں رہنے والوں نے اسرائیل کو شکست دی، القسام بریگیڈ نے اسرائیل کو شکست دی، اسرائیل اب عورتوں، بچوں اور بوڑھوں پر حملے کر رہا ہے، 1948ء میں 25 ہزار لوگوں کو قتل کیا گیا تھا، 2023ء سے پہلے فلسطین کے کیا حالات تھے، 7 اکتوبر سے پہلے ہزاروں نوجوان اسرائیل کی جیلوں میں موجود تھے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ وزیراعظم اور پی ٹی آئی والوں کے پاس بھی فلسطین مسئلے کے لیے گیا، اسلامی ممالک کے سربراہان کو ہمیں بلانا چاہیئے، جنوبی افریقہ، چین، سعودی عرب سے خاص طور پر بات کرنے کی ضرورت ہے، اصل سوال ہے کہ ہم کیا کر رہے ہیں؟ اللّٰہ پاک ہماری مدد کرے گا، ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، انسانی حقوق کے میدان میں ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اتحاد میں ہی ہماری نجات ہے، ہم نادان ہیں کہ تقسیم ہو جاتے ہیں، جو بھی اعلامیہ ہوگا، اس میں دو ریاستی حل کی بجائے فلسطین کی آزادی کی بات کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں 173 صحافی، 900 سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس شہید ہوچکے ہیں، جو کچھ اسرائیل کر رہا ہے، اسے نسل کشی کے سوا کوئی نام نہیں دیا جاسکتا، اس پلیٹ فارم سے صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کا پیغام جانا چاہیئے، قائد اعظم کا بھی یہی موقف تھا کہ اسرائیل صرف ایک قابض طاقت ہے، دو ریاستی حل یا 1967ء کی پوزیشن کی حمایت قائد اعظم کے اصولی موقف کی نفی ہے، فلسطینی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق قبضے کے خلاف لڑ رہے ہیں، دو ریاستی حل کی بات اسرائیل کو قائم رہنے کا جواز فراہم کرنا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کو عرب اور مسلم ممالک کی خاموشی نے طاقت فراہم کی ہے، ہم اعلان بالفور اور یہودیوں کو فلسطین پر مسلط کرنے کو نہیں مانتے، فلسطینی اتنے زبردست لوگ ہیں کہ خیموں میں بھی بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں، شاید فلسطینیوں کے ذہن میں یہ ہو پاکستان اور ترکیہ ہمارا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی امداد بڑھانی ہوگی، فلسطینی بچوں کی تعلیم کا انتظام کرنا ہوگا، پاکستان بنا ہی نظریئے پر ہے، ہمارا کردار دیگر ملکوں سے مختلف ہونا چاہیئے، اس وقت بھی کچھ عناصر ایسے ہیں، جو شیعہ سنی اختلاف بڑھانا چاہتے ہیں۔