سیاسیات- انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان اور عید الفطر کی مناسبت سے اب تک سعودی اتحاد کے 77 قیدیوں کو آزاد کردیا گیا ہے۔
یمنی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی کے حکم سے یہ عمل انجام دیا گیا۔ خبررساں ویب سائٹ انصاراللہ کے مطابق یمنی کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر المرتضی نے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اقدامات کو انسانی ہمدردی پر مبنی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں یمن میں جاری مذاکرات کا عمل مزید نتیجہ خیز ہوگا۔
یاد رہے کہ صنعاء اور سعودی اتحاد کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے تحت انصاراللہ نے 706 یمنی قیدیوں کے بدلے سعودی اتحاد کے 181 قیدی آزاد کرنے پر اتفاق کیا تھا جن میں سعودی اور سوڈانی شہری بھی شامل ہیں۔ سعودی اتحاد کی نگراں کونسل کے ترجمان ماجد فضائل نے امید ظاہر کی ہے کہ ان مذاکرات کے تحت فریقین کے تمام قیدی آزاد ہوجائیں گے۔