فروری 22, 2025

ہم لبنان کو امریکی و اسرائیلی دھمکیوں کے سامنے زیر نہیں ہونے دینگے۔ حزب‌ الله

سیاسیات۔ لبنان کی مقاومتی تحریک “حزب‌ الله” کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب سربراہ “شیخ علی دعموش” نے کہا کہ ہم ایک آزاد اور خود مختار لبنان کی حیثیت سے اپنی تنصیبات پر حملے کی دھمکیوں کے دباو میں آ کر امریکی و اسرائیلی ڈکٹیشن قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے خطبے میں کیا۔ اس موقع پر شیخ علی دعموش نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ایران سے لبنان فلائٹ آپریشن میں تعطل کے مسئلے کو حل کرے۔ کیونکہ یہ موضوع لبنان کی خودمختاری اور ہماری قومی غیرت سے جڑا ہوا ہے۔ امریکی و صیہونی فیصلے کی وجہ سے ایرانی جہازوں کی بیروت فضائی اڈے پر آمدورفت میں خلل لبنان کے بین الاقوامی تعلقات میں واضح مداخلت ہے۔ یہ امر دوسری شرائط اور ڈکٹیشن کی راہ ہموار کرتا ہے کہ جس کا سلسلہ ایرانی پروازوں سے شروع ہوتا ہے اور نجانے کہاں ختم ہو گا۔ انہوں نے لبنانی عوام سے شہید “سید حسن نصر الله” کے سفر آخرت میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ شیخ علی دعموش نے ان کے بارے میں کہا کہ اس غیر معمولی و تاریخی رہنماء کو ایک یادگار اور عظیم الشان تقریب میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

حزب‌ الله کے سینئر رہنماء نے کہا کہ یہ عظیم روحانی اجتماع مقاومت کی قدرت کا مظہر یا عوامی ریفرنڈم نہیں کیونکہ صیہونی قبضے کے ہوتے ہوئے بلکہ بنیادی طور پر مقاومت کو کسی ریفرنڈم کی ضرروت نہیں بلکہ اس عظیم اجتماع میں شرکت کا مطلب ایک عالمی قائد کے ساتھ وفاداری اور تجدید عہد کا اعلان ہے۔ شهید سید حسن نصر الله نے اپنی عمر مبارک لبنان کے دفاع، خود مختاری اور قومی وقار کے لئے قربان کر دی۔ انہوں نے وہ کامیابیاں حاصل کیں جس نے دشمن کو منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین اور اسلامی مسائل کو اپنے کندھوں پر اٹھایا اور قدس کی آزادی کی راہ میں شہادت کا جام نوش کیا۔ جس کی وجہ سے انہیں سید الشہدائے امت کہا جانے لگا۔ انہوں نے کہا کہ حزب‌ الله، لبنان کے کسی بھی حصے پر قبضے کے خلاف ہے۔ ہم مقاومت پر ایمان رکھتے ہیں۔ ہم کبھی بھی ماضی کی طرح لبنان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے کہ جب اسرائیل نے ہماری سرزمین کو نشانہ بنایا اور کوئی جوابی کارروائی بھی نہ ہوئی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم نے لبنان کی سربلندی کے لئے ہزاروں شہداء اور زخمی دئیے۔ ہم نہ تو مرے ہیں اور نہ ہی کمزور ہیں۔ نہ ہی ہمیں کوئی کمزور سمجھے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

9 + 18 =