سیاسیات- اسلامی جمہوریہ ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ سید کمال خرازی حال ہی میں لبنان پہنچے، جہاں انہوں نے حزب الله کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر الله سے ملاقات کی۔ اس حوالے سے حزب الله کے شعبہ تعلقات عامہ نے کچھ تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر بیروت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر “مجتبیٰ امانی” اور “سید عباس عراقچی” بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فریقین نے خطے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں سید کمال خرازی نے لبنانی وزیر خارجہ “عبدالله بو حبیب”، اسپیکر “نبیہ بیری” کے علاوہ دیگر حکام سے بھی ملاقات کی۔
عبدالله بو حبیب سے ملاقات میں ایرانی اسٹریٹجک کونسل فار فارن افئیرز کے سربراہ نے لبنان کو محفوظ اور مضبوط معیشت کے ساتھ خطے میں تعمیری کردار ادا کرنے کی صلاحیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو حکومت سازی کے عمل کو تیز کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔